ایبٹ آباد: جھنگی کے چوروں کامیرپور پولیس کو خراج تحسین۔چوروں کی چاندی۔ دوماہ کے دوران دودرجن سے زائد وارداتیں۔ لاکھوں کے مال پر ہاتھ صاف کرلیاگیا۔ اس ضمن میں جھنگی کے عمائدین نے صحافیوں کو بتایاکہ ہمارا علاقہ اب علاقہ غیربن چکاہے۔ پولیس اہلکار جھنگی میں صرف منشیات فروشوں ، جسم فروشی اور جوئے کے اڈوں سے ہفتہ وصولی کیلئے چکرلگاتے ہیں۔ باقی جھنگی میں ہر قسم کے جرائم پیشہ افراد کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے۔
پچھلے دو ماہ کے دوران جھنگی میں دو درجن سے زائد چوری کی سنگین وارداتیں ہوچکی ہیں۔ جس میں مختلف گھروں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی سامان چوری کیاگیاہے۔ اب جھنگی کی موجودہ صورتحال یہ ہے کہ چور ایک ہی رات میں چار چار گھروں میں دیدہ دلیری سے چوری کی وارداتیں کررہے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق چوری کی زیادہ تر وارداتیں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب میں ہوتی ہیں۔گزشتہ اتوار کو ایک ہی رات میں چوری کی پانچ وارداتیں ہوئی ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق سوئی گیس کے ملازم بشیر خان کے گھر سے پانچ لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات سمیت قیمتی سامان چوری کیاگیاہے۔ جس کی رپورٹ تھانہ میرپور میں درج کروائی گئی ہے۔ لیکن پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی ہے۔ جھنگی کے لوگوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سے چوری کی جلد گرفتاری اور مال مسروقہ کی برآمدگی کا مطالبہ کیاہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں