ایبٹ آباد:تھانہ میرپور نے جھنگی میں جوئے کی محفل الٹ دی۔رمضان المبارک کے دوران جواء کھیلنے والے جھنگی کے رہائشی 9شریف شہری گرفتار۔ عدالت نے جیل بھیج دیا تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ میرپور طاہر اقبال کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی کہ جھنگی میں روزانہ جوئے کی محفل سجائی جاتی ہے۔ ایس ایچ او کی خصوصی ہدایات پر پولیس نے جھنگی میں کارروائی کرتے ہوئے جواء کھیلنے میں مصروف عمر ولد تاج محمد، احسن ولد پرویز خان،ساجد ولد علی گوہر، خلیل الرحمان ولد رحمت اللہ، ریاست ولد علی اکبر، عمر خان ولد بغداد خان، نذیر احمد ولد اکبر سنی ولد کالا اور سیف الرحمان ولد عدالت ساکنان جھنگی کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے داؤ پر لگی رقم مبلغ 1500 روپے اور آلات قمار بازی برآمد کرلئے۔ جھنگی کے بااثر افراد ملزمان کی رہائی کے لئے تھانہ میرپور پہنچ گئے۔ اور کافی شور شرابا کیا کہ یہ بے گناہ ہیں۔ تاہم پولیس نے دباؤ کی پرواہ کئے بغیر علت نمبر805 زیر دفعہ5Goکے تحت مقدمہ درج کیا۔ ہفتہ کے روز تمام ملزمان کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ تمام ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ اہلیان جھنگی نے ایس ایچ او تھانہ میرپور طاہر اقبال کی کارروائی پر اطمینان کااظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس علاقے میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح کو کنٹرول کرنے کے لئے علاقے میں پولیس گشت کو پہلے سے مزید بہتر کیا جائے۔