کوہستان: ڈی پی او کوہستان عبدالمجید آفریدی منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی سفارش نہ ماننے کی پاداش میں تبدیل کر دیئے گئے، کوہستان کے سینکڑوں مقامی افراد نے ڈی پی او کی تبدیلی کے فیصلہ کے خلاف شاہرہ ریشم پر پانچ گھنٹے تک احتجاجی دھرنا دیا، احتجاجی مظاہرین نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کے خلاف شدید نعرہ بازی کی۔ کوہستان سے رکن قومی اسمبلی محب اﷲ جان اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالستار کے اشاروں پر نہ چلنے کی پاداش میں دو ماہ قبل تبدیل ہو کر کوہستان تعینات ہو نے والے فرض شناس ڈی پی او عبدالمجید آفریدی کو تبدیل کر دیا گیا، کوہستان میں دو ماہ قبل ہربن میں ہو نے والی دہشت گردی کے واقعہ کے بعد ڈی پی او عبدالمجید آفریدی کو علاقہ میں تعینات کیا گیا تھا۔ ڈی پی او مجید آفریدی کی تعیناتی کے بعد کوہستان میں نہ صرف حالات بہتر ہوئے بلکہ کوہستان پولیس کے مسائل حل کر نے میں بھی ان کا مثالی کردار رہا۔ رکن قومی اسمبلی محب اﷲ جان اور رکن صوبائی اسمبلی عبدالستار نے سفارتی افراد بھرتی کروانے کیلئے ڈی پی او پر دباؤ ڈالا تاہم ڈی پی او کوہستان عبدالمجید آفریدی نے کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے انہیں صاف صاف انکار کرتے ہوئے صرف میرٹ پر بھرتی کو ترجیح دی جس پر ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شدید ناراض ہوئے اور انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا پولیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کر کے راتوں رات ڈی پی او کوہستان کو تبدیل کروا دیا۔ ڈی پی او کوہستان کی تبدیلی کی خبر جب شہریوں تک پہنچی تو انہوں نے اس فیصلہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ ریشم پر دھرنا دیا اور شاہراہ ریشم کو پانچ گھنٹے تک بلاک کر کے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ ایماندار اور فرض شناس آفیسر کی تبدیلی کوہستان میں بدامنی پھیلانے کی سازش ہے، دونوں منتخب ارکان نے کوہستان کی ترقی کیلئے کوئی آج تک کوئی مثبت اقدام نہیں اُٹھایا بلکہ ذاتی مفادات کیلئے کام کئے۔ انہوں نے کہا کہ کوہستان میں اگر حالات خراب ہو ئے تو اس کی تمام تر ذمہ داری دو ارکان قومی و صوبائی اسمبلی پر عائد ہو گی۔