ایبٹ آباد:حاجی مسقط عرف حاجی فضل داد کے ناخلف بیٹوں نے ایک ارب روپے کی اراضی اونے پونے داموں دھوکہ دہی سے لینڈ مافیا پر فروخت کردی۔ باپ نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد کی معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت حاجی فضل دادعرف حاجی مسقط کے ناخلف بیٹوں نے کروڑوں روپے کی اراضی کو دھوکہ دہی سے لینڈ مافیا پر فروخت کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ عرصہ قبل حاجی فضل دادعرف حاجی مسقط کے بڑے بیٹے عالم اکیڈمی کے مالک شکیل مغل نے سیٹھی مسجد کے قریب انٹرنیشنل پبلک سکول والی آٹھ کنال اراضی ان سے چوری چھپے لینڈ مافیا پر فروخت کی۔ اس اراضی کی قیمت پچاس کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔ شکیل مغل نے لینڈ مافیا پر یہ اراضی انتہائی سستے داموں فروخت کی اور پیسے ہڑپ کرلئے۔ رواں سال حاجی فضل دادعرف حاجی مسقط کے چھوٹے بیٹے فضیل مغل نے جھنگی سٹاپ پر واقع شکیل مارکیٹ اوراس سے ملحقہ پانچ کنال اراضی کا مختیار نامہ دھوکہ دہی سے اپنی والدہ سے حاصل کیا۔ فضیل مغل نے اپنے گھر والوں کو یہ چکمہ دیا کہ وہ بنک سے قرضہ لیکر یہاں بہت بڑا پلازہ تعمیر کرنا چاہتا ہے۔ جس پر اس کی والدہ نے اسے پانچ کنال اراضی کا مختیار بنک سے قرضہ لینے کے لئے دیا۔ ناخلف بیٹے نے پانچ کنال اراضی جس کی مالیت تقریباً چالیس کروڑ روپے سے زائدبنتی ہے۔ محض چار کروڑ روپے میں مارکیٹ سمیت قبضہ گروپ پر فروخت کردی۔ اور چار کروڑ روپے کی رقم ہڑپ کرلی۔ ناخلف بیٹوں کے ہاتھوں لٹنے والے حاجی فضل دادعرف حاجی مسقط اپنے بیٹوں کی بے وفائی پر سخت رنجیدہ ہیں۔ اور انہوں نے عدالت سے حکم امتناعی حاصل کرلیا ہے۔ عدالت میں آئندہ پیشی کی تاریخ 9 ستمبر مقرر ہے۔حاجی فضل دادعرف حاجی مسقط اپنے بیٹوں کی وجہ سے تقریباً ایک ارب روپے کی اراضی سے محروم ہو چکے ہیں۔ اب ان کے پاس جھنگی میں صرف دو کنال اور بارہ مرلے کا ایک مکان بچا ہے جس میں وہ سرچھپائے ہوئے ہیں۔ ان کو خطرہ ہے کہ ان کے باقی ماندہ بیٹے کہیں یہ گھر بھی لینڈ مافیا پر فروخت نہ کردیں۔ ذرائع کے مطابق حاجی فضل دادعرف حاجی مسقط اپنی تمام فروخت شدہ اراضی واپس لینا چاہتے ہیں اور وہ اس کی ادائیگی کرنے پر بھی تیار ہیں۔ تاہم لینڈ مافیا کی جانب سے ان کے بیٹوں کو کسی بھی قسم کی قانونی چارہ جوئی پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ جس کی وجہ سے ان کے بیٹے قانونی چارہ جوئی کا حصہ بننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔