ایبٹ آباد: دوسال قبل بیوی کو طلاق دینے والے شوہر نے جناح آباد میں بیوی پر اندھا دھند فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ ملزم فرار مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق فاطمہ دختر رحیم نواز خان جو کہ مدینہ کالونی لوئر جناح آباد کی رہائشی ہے۔ کی شادی اشفاق ولد صنوبر خان سکنہ بٹگرام کے ساتھ ہوئی۔ اشفاق نے دو سال قبل اپنی بیوی کو طلاق دے دی تھی۔ چاند رات کو ملزم اشفاق فاطمہ کے گھر میں پہنچ گیا اور اسے زبردستی لے جانے کی کوشش کی۔ فاطمہ کی جانب سے مزاحمت پراشفاق نے تیس بور پستول سے اس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ جس سے کئی گولیاں فاطمہ کے سینے میں لگیں اور وہ خون میں لت پت ہو کر گر گئی۔ ملزم فائرنگ کے بعد فرار ہوگیا۔ فاطمہ کو فوری طور پر ایوب تدریسی ہسپتال پہنچایا گیا۔ جہاں وہ آئی سی یو وارڈ میں زیر علاج ہے۔ پولیس نے ورثاء کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرکے اشفاق کی گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ شرو ع کردیا ہے۔