ہری پور میں نئی نویلی دلہن نے نامعلوم افراد کے ساتھ ملکر اپنے شوہر کو قتل کر دیا، ملزمان ارتکاب جرم کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے مقتول کی بیوی کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ذرائع کے مطابق ہری پور کے موضع سکندر پور کے رہائشی ظہیر احمد اور اس کی بیوی کرن گذشتہ رات اپنے گھر میں سوئے تھے کہ عین سحری کے وقت نامعلوم افراد ان کے گھر میں گھس آئے اور آتشیں اسلحہ سے فائرنگ کر کے ظہیر احمد کو قتل کر دیا اور خود موقع واردات سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقتول کی بیوی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف دفعہ 302/34 کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم پولیس نے مقتول کی بیوی کو بھی شامل تفتیش کرتے ہوئے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول چند ماہ قبل دوبئی سے واپس آیا تھا اور اس کی صرف تین ماہ قبل شادی ہوئی تھی، مقتول چند روز کے بعد واپس دبئی جانے کی تیاری میں مصروف تھا۔ پولیس کو مقتول کی بیوی پر شک ہے جس پر اسے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ مبینہ ذرائع نے بتایا کہ یہ قتل ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ہوا ہے کیونکہ قاتل گھر کی بیٹھک کے ذریعہ گھر میں داخل ہوئے اور بیٹھک کا بیرونی دروازہ کھلا ہوا تھا۔ واقعہ پر عوامی سطح پر بھی مختلف چہ میگوئیاں سننے میں آ رہی ہیں۔ مقامی ذرائع کے مطابق قتل کی یہ واردات رات دو بجے کے لگ بھگ ہوئی جبکہ مقتول کی بیوی نے اگلی صبح 10 بجے چھپر روڈ پر جٹی پنڈ کے قریب کاگ گاؤں میں رہائش پذیر اپنی نند کو فون پر اطلاع دی کہ رات کو اس کے دیور نے اپنے بھائی ظہر احمد کو قتل کر دیا ہے جبکہ مقتول کی بیوی کرن کا بھائی اس کے گھر کے پاس ہی سکندر پور میں رہائش پذیر تھا، کرن نے انہیں اطلاع نہیں دی۔ پولیس اور مقامی رہائشی مقتول کی بیوی کے ابتدائی بیانات اور حالات و واقعات کو شک کی نظر سے دیکھ رہے ہیں تاہم مقتول کی بیوی کے بیانات اور نامعلوم افراد کی گرفتاری کے بعد اس کہانی میں رونما ہونے والے اہم انکشافات کی توقع ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں