9/10/2012

تین روزہ سالانہ کاغان میلہ 23 ستمبر سے ناراں میں شروع ہوگا

ایبٹ آباد: صوبائی وزیر کھیل و سیاحت سید عاقل شاہ نے کہا ہے کہ 23 ستمبر 2012ء سے تین روزہ سالانہ کاغان میلہ ناراں کے مقام پر منعقد ہو گا، ہم کھیل کے میدانوں سے دنیا کو امن کا پیغام دینا چاہتے ہیں، ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ وادی کاغان دنیا کا حسین ترین اور پرامن ترین سیاحتی مقام ہے۔ وہ ہفتہ کو نتھیاگلی میں پاکستان اولمپک اور خیبر پختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام منعقدہ سپورٹس ایڈمنسٹریشن کے عنوان سے منعقدہ سات روزہ تربیتی پروگرام کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے ذوالفقار بٹ، شاہجہان شنواری، عبد الخالق اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سید عاقل شاہ نے کہا کہ کھیل انہیں ورثے میں ملا ہے جس کی ترقی اور ترویج کیلئے انہوں نے اپنی زندگی وقف کر رکھی ہے، کھیل کی وجہ سے اﷲ نے انہیں عزت و توقیر سے نوازا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض ناقدین ان کی اس عزت افزائی سے خوش نہیں، وہ بے جا تنقید بھی کرتے رہتے ہیں جس کا وہ مناسب طریقہ سے مناست وقت پر جواب دیں گے۔ سید عاقل شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے کھیل اور کھیل کے میدانوں پر توجہ دی جا رہی ہے، اولمپک کھیلوں میں خیبر پختونخوا کے نوجوان کھلاڑیوں کو بھر پور نمائندگی نہیں دی گئی، اس پر ہمیں تشویش ہے۔ انہوں نے کورس کے شرکاء سے کہا کہ آپ نے کھیلوں کو عمدہ طریقہ سے منعقد کرنے کے بارے میں آج یہاں جو تربیت حاصل کی اور کھیلوں کے بارے میں لکھی گئی 347 صفحات پر مشتمل جس کتاب سے آپ کو پڑھایا گیا ہے، یہ ایک کھیل اور کھلاڑی کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ اس کتاب کی روشنی میں اور یہاں حاصل کردہ تربیت کو بروئے کار لا کر عملی زندگی میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کی فلاح و ترقی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا یوں تو نیشنل گیمز پنجاب کے حوالہ کئے گئے ہیں، اگر پنجاب میں یہ کھیل کسی وجہ سے منعقد نہ ہو سکے تو ہمارا صوبہ خیبر پختونخوا یہ کھیل منعقد کرنے کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاغان میلہ 23، 24 اور 25 ستمبر 2012ء سے ناراں میں منعقد ہوں گے جن میں صحافیوں کو بھر پور شرکت کی دعوت ہے۔ بعد ازاں انہوں نے شرکائے کورس میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں