9/17/2012

ڈاکٹر عبد القدیر خان خود ساختہ "محسنِ پاکستان " ہیں: علی اصغر خان

ایبٹ آباد: تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر علی اصغر خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبد القدیر خان خود ساختہ "محسنِ پاکستان " ہیں۔ ان کا حالیہ غیر زمہ دارانہ بیان ان کی حساس نوعیت کے قومی معاملات میں بے جا مداخلت ہے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر تنقید کرنے والے ڈاکٹر قدیر بطور اہم سائنسدان خود کس قدر پختگی رکھتے ہیں اس کا اظہار قوم پر ہو چکا ہے ۔ پاکستان کی ایٹمی قوت کا کریڈٹ وہ تن تنہا لینے کیلئے ثمر مبارک مند جیسے سائنسد انوں کی اس ٹیم کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں جو اس پروگرام میں شامل تھی۔ اور وہ چاہتے ہیں انہیں "عامل سائنسی باوا" تسلیم کیا جائے جس نے چلہ کاٹ کر قوم کو ایٹمی قوت دلا دی ۔علی اصغر خان نے کہا کہ عمران خان پاکستانی سیاست میں نوجوانوں اورسیاست سے دور رہنے والی اکثریت کو سیاسی دھارے میں شامل کر کے تبدیلی کی فیصلہ کن تحریک کامیابی سے چلا رہے ہیں جس کیلئے انہوں نے سیاست میں 16سال مار کھائی ہے جبکہ صدر پاکستان بننے کیلئے شدت سے خواہشمند ڈاکٹر قدیر سیاسی امور و رموز سے نابلد ہونے کے باوجوداور بغیر کسی سیاسی پروگرام اور جدوجہد کے قوم کی سیاسی حمائیت چاہتے ہیں۔ علی اصغر خان نے کہا کہ کچھ لوگ ریٹائرمنٹ کے بعدسیاست میں محنت کی بجائے بھاری تنخواہوں اور سرکاری مراعات کے بدلے کی گئی اپنی "قومی خدمت "کا خراج وصول کرنے سیاسی میدان میں طبع آزمائی شروع کر دیتے ہیں ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں