9/01/2012

حکمران جاتے جاتے بھی غریب عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑناچاہتے ہیں:سجاداکبر خان

ABBOTTABAD: PTI Leader Sajjad Akbar Khan. PK-46
ایبٹ آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سجاداکبر خان نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے قیمتوں کو ریگولیٹ کرنے کے فارمولے کو ختم کرنے اور قیمتوں میں کمی کر کے انہیں منجمد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔صحافیوں سے بات چیت کے دوران سجاداکبر خان نے کہا کہ حکمران جاتے جاتے بھی غریب عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑناچاہتے ہیں۔پاکستانی عوام روٹی ، کپڑا اور مکان کا وعدہ کرنے والوں کے ہاتھوں برباد ہو رہی ہے ، حکمران ملک سے غربت کی بجائے غریب مکاؤ ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمران اپنے انتخابی اخراجات کے لئے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال رہے ہیں لیکن اس اضافے پر خاموش نہیں رہیں گے اور سڑکوں پر آکر احتجاج کرینگے ۔سجاداکبر خان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئے گا ۔عوام میں سخت مایوسی اور ناامیدی ہے اگر فی الفور ایسی پالیسیاں نہ بنائیں گئیں جن سے غریب کا پیٹ بھر سکے تو اس ملک میں انقلاب کا راستہ کوئی نہیں روک سکے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام اب مزید قربانی نہیں دیں گے بلکہ عام انتخابات میں اپنے ووٹ کی طاقت سے حکمرانوں کی قربانی لیں گے‘حکمران اپنے اخراجات پورے کرنے کے لئے عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈال رہے ہیں لیکن جلد عوام کا ہاتھ انکے گریبانوں پر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اخراجات کنٹرول کرنے اور کرپشن روکنے کی بجائے ہر قسم کے اللوں تللوں میں خزانے کا بے دریغ استعمال کررہی ہے اورحکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان پر مہنگائی بم برسانے میں لگی ہوئی ہے ۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں