9/03/2012

ایبٹ آباد:کشمیری طالبعلم کے قتل میں ملوث این ایچ اے کے افسران اور ڈرائیورکو چھوڑ دیاگیا


ایبٹ آباد: ایبٹ آباد پولیس کی ملی بھگت یا روایتی سستی ،کشمیری طالبعلم کے قتل میں ملوث این ایچ اے کے افسران اور ڈرائیورکو چھوڑ دیاگیا‘ لواحقین نے انصاف نہ ملنے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اسلام آباد دفتر کے سامنے خود سوزی کا اعلان کردیا۔ صدر‘ وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان‘ وزیراعظم آزادکشمیر ‘ چیف سیکرٹری ناانصافی کا نوٹس لیں۔ والدین کی بذریعہ میڈیا اپیل‘ تفصیلات کے مطابق 10 جولائی کو مظفرآباد سے سیر کو جانیوالے جامہ کشمیر کے ایم اے کے طالبعلم 21 سالہ ہمدان میر کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ڈبل کیبن پک اپ نمبر B-3018 مانسہرہ نے ککر موڑ جی ٹی روڈ پر 3 گاڑیوں کو غلط اوورٹیک کر کے مخالف لین میں داخل ہو کر انتہائی تیز رفتاری سے انکے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار 21 سالہ طالبعلم ہمدان میر موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا ساتھی علی شدید زخمی ہوگیا۔ جو ایک ماہ 20 دن گزرنے کے باوجود تاحال قومہ کی حالت میں ہے۔ 

ایبٹ آباد میرپور تھانہ کی پولیس نے رف ڈرائیونگ کرنیوالے این ایچ اے کے آفیسر خان زادہ آف پشاور کو دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ جبکہ ڈرائیور جو کہ گاڑی میں پچھلی سیٹ پر سوار تھا کو بھی حراست میں لیا۔ خان زادہ نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا۔ پولیس نے تینوں ملزمان پر زیر دفعات 337/320 اور 279 پی سی کے تحت مقدمات قائم کر کے حوالات بند اور گاڑی ضبط کرلی تھی۔ پولیس نے جاں بحق طالبعلم کا ایوب میڈیکل کمپلیکس سے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی جسے مظفرآباد جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا گیا۔ پولیس نے بعد ازاں ملزمان جنہوں نے ایف آر میں بھی غلطی تسلیم کی تھی کو عدالت پیش کر کے رہا کروایا۔ ایبٹ آباد کی عدالت نے مقتول پارٹی کو طلب کیا نہ کوئی تاریخ دی گئی جبکہ این ایچ اے حکام نے لواحقین سے اظہار افسوس تک نہ کیا۔ نہ ہی انہیں کسی قسم کا معاوضہ دیا۔ گزشتہ روز ہمدان میر کے والد عبدالرحیم میر نے این ایچ اے حکام کی بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کی وساطت سے صدر ‘ وزیراعظم‘ چیف جسٹس آف پاکستان ‘ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ ‘ وزیراعظم ‘ چیف جسٹس سیکرٹری آزادکشمیر کے علاوہ ‘ چیئرمین این ایچ اے پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اس واقعہ کے ذمہ دار ڈائریکٹر این ایچ اے خان زادہ اور دیگر ساتھی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں اور ہمیں انصاف دیا جائے بصورت دیگر لواحقین این ایچ اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے سامنے خود سوزی کرنے کیساتھ آزادکشمیر میں موجود دفاتر کا گھیراؤ بھی کرینگے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں