crime in abbottabad لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں
crime in abbottabad لیبل والی اشاعتیں دکھا رہا ہے۔ سبھی اشاعتیں دکھائیں

10/03/2012

پولیس کی پشت پناہی سلہڈ میں غنڈوں کا بزرگ شہری پر وحشیانہ تشدد۔ متعدد دانت توڑ دیئے

ایبٹ آباد: پولیس کی پشت پناہی سلہڈ میں غنڈوں کا بزرگ شہری پر وحشیانہ تشدد۔ متعدد دانت توڑ دیئے۔ اہلیان سلہڈ کا ملزمان کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ تفصیلات کے مطابق نیاز محمد ولد پیر خان سکنہ لوئر سلہڈ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ’’آئی این بی‘‘ کوبتایا کہ میں نے 2002ء میں لوئر سلہڈ میں اراضی خرید کر گھر تعمیر کیا۔ تاہم میرے پڑوسیوں نے میرے گھر کو جانیوالا دیوار لگا کر بند کردیا۔ جس پر میں نے عدالت میں مقدمہ دائر کیا۔ جو کہ عدالت میں زیر تجویز ہے۔ ملزمان نے ہمارا راستہ بند کررکھا تھا۔ نیاز محمد نے بتایا کہ منگل کے روز میں گھر کی طرف آرہا تھا کہ فرید ولد نامعلوم، عظیم ولد سعید، توقیر ولد اشرف، پولیس کانسٹیبل توقیر، محمد کاشف عرف کاشی نے دیگر مسلح غنڈوں کے ہمراہ میرے اوپر حملہ کردیا۔ اور مجھے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ تشدد سے میرے کئی دانت ٹوٹ گئے ہیں۔ اور جسم پر لاٹھیاں مارنے سے نیلے نشانات پڑ گئے ہیں۔ نیاز محمد نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبل توقیر کی پشت پناہی پر ملزمان ہمیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ اور ہمیں گھر خالی کرکے چلے جانے کو کہا جا رہا ہے۔ نیاز محمد نے ڈی آئی جی ہزارہ رینج اور ڈی پی او سے مطالبہ کیا کہ ملزمان سے ہمیں سخت جانی خطرہ ہے اور ان کا ایک بھائی پولیس میں کانسٹیبل بھی ہے۔ جس کی وجہ سے پولیس ملزمان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کررہی ہے۔ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے اور ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرکے انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

9/27/2012

ایبٹ آباد: اغواء برائے تاوان اور کارلفٹنگ میں ملوث نورزادہ پولیس حراست سے فرار

ایبٹ آباد:اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ملزم نورزادہ پولیس حراست سے فرار تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل پولیس کی کارروائی میں گرفتار ہونیوالا خطرناک کارلفٹر اور ڈکیت گروہ کے سرغنے نورزادہ سکنہ سوات کو پولیس اہلکار عدالت میں پیشی کے لئے لا رہے تھے کہ نورزادہ نے نیلے پیر کے قریب گاڑی سے چھلانگ لگا کر فرار ہوگیا۔ڈی پی او ایبٹ آباد کے حکم پر تھانہ میرپور نے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ڈی پی او کی سربراہی میں مختلف تھانوں کی نفری پر مشتمل ٹیمیں ملزم کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن کررہی ہیں۔

9/26/2012

سات سال قبل نواں شہر میں عادل وسیم کو قتل کرنے والا مفرور گرفتار

ایبٹ آباد: سات سال قبل نواں شہر میں عادل وسیم کو قتل کرنے والا مفرورایس ایچ او تھانہ نواں شہر نے گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق 24اکتوبر2005ء کوساجد ولد محبت سکنہ میرا مندروچھ نے معمولی جھگڑے پر اندھا دھند فائرنگ کرکے عادل سکنہ محلہ عمر زئی کو قتل کردیا تھا اور فرار ہوگیا۔ تھانہ نواں شہر کے ایس ایچ او ذاکر حسین نے مخبر کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ساجد کو گرفتار کرلیا۔

9/24/2012

ایبٹ آباد: ملک قمرزمان کی نماز جنازہ میں درجنوں افراد کی جیبیں کاٹ لی گئیں

ایبٹ آباد:شہر کی معروف کاروباری شخصیت ملک قمر زمان کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران جیب تراشوں نے موقعہ کو غنیمت جانتے ہوئے ایک درجن سے زائد افراد کی جیبیں کاٹ لیں اور ان کو ہزاروں روپے اور دیگر قیمتی کاغذات سے محروم کر دیا متاثرہ افراد نے تھانہ کینٹ میں چوری کے مقدمات درج کروا دیے پولیس نے مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی اتوار کے روز سہ پہر تین بجے کے قریب مرکزی عید گاہ ملک قمر زمان کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے دوران نامعلوم جیب تراشوں نے ہزارہ بھر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے افراد کو اس وقت نقدی و دیگر کاغذات سے محروم کر دیا جب وہ محروم کی نماز جنازہ ادا کر رہے تھے یاد رہے کہ اس سے قبل بھی مرکزی عید گاہ سمیت مختلف مقامات پر شہر کے بااثر افراد کی نماز جنازہ کی ادائیگوں کے دوران جیب تراشی کی درجنوں وارداتیں ہو چکی ہیں مگر آج تک کوئی جیب تراش گرفتار نہیں ہو سکا۔

ایبٹ آباد:ٹانچی چوک میں محکمہ ماحولیات کا ملازم لٹ گیا

ایبٹ آباد:سب انسپکٹر سرور خان کی ایس ایچ او تھانہ سٹی تعیناتی ۔ٹانچی چوک میں محکمہ ماحولیات کا ملازم لٹ گیا۔ پچاس ہزار نقدی، طلائی زیورات اور قیمتی سامان اڑا لیا گیا۔ تھانہ سٹی کے اہلکاروں کا مقدمہ درج کرنے سے انکار تفصیلات کے مطابق تھانہ سٹی کی حدود میں واقع ٹانچی چوک کا رہائشی سیّدارسلان علی شاہ ولد سیّدانصار علی شاہ مرحوم جوکہ محکمہ ماحولیات میں کمپیوٹرآپریٹر ہے۔ جمعرات کے روز سیّد ارسلان علی شاہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پشاور گیا۔ جہاں اسے اتوار کے روز اس کے پڑوسیوں نے اطلاع دی کہ اس کے گھر کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ جس پر وہ واپس اپنے گھر آئے تو گھر میں موجود نقدی پچاس ہزار روپے، لاکھوں روپے کے طلائی زیورات ، ڈی وی ڈی، کمپیوٹر، لیپ ٹاپ، کیمرے، بیڈشیٹ، استری، قیمتی پارچہ جات، الیکٹرانکس کا تمام سامان وغیرہ سب غائب تھے۔ سیّدارسلان علی شاہ کے مطابق وہ تھانہ سٹی میں چوری کی رپورٹ درج کروانے کے لئے گیا۔ لیکن تھانہ سٹی کے ایس ایچ او سرور خان ٹال مٹول سے کام لے رہے ہیں۔ اور مقدمہ درج نہیں کررہے اور نہ ہی ملزمان کوگرفتار کیا جا رہا ہے۔ سیّدارسلان علی شاہ نے ڈی آئی جی ہزارہ رینج سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے گھر میں ہونیوالی چوری کا مقدمہ درج کیا جائے۔ اور چوری کیا جانیوالا سامان برآمد کیا جائے۔

9/20/2012

سابق ناظم شیخ البانڈی ملک سعید کے سالے کو چھریوں کے وار کرکے شدید زخمی کردیا گیا

ایبٹ آباد:سلک پلازہ گولیوں سے گونج اٹھا۔ پولیس غائب۔سابق ناظم شیخ البانڈی ملک سعید کے سالے کو چھریوں کے وار کرکے شدید زخمی کردیا ۔ مقدمہ درج تفصیلات کے مطابق سابق ناظم شیخ البانڈی ملک سعید کے سالے عمران عباسی ولد محمد زمان سکنہ بانڈہ دلازاک کا ایک ہفتہ قبل ایک شادی کی تقریب میں ٹونی وغیرہ کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق عمران عباسی نے اپنے مخالفین کو مبینہ طو رپر مارا بھی تھا۔ بدھ کے روز عمران عباسی کے مخالفین نے انہیں سلک پلازہ میں دیکھ لیا اور مبینہ طور پر چھ افراد نے ان پر حملہ کردیا۔ اس دوران ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔ جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جھگڑے کی اطلاع پولیس کنٹرول کو دی گئی۔ لیکن گھنٹوں گزرنے کے باوجود پولیس کا کوئی اہلکار موقع پر نہ آیا۔ حملہ آوروں نے عمران عباسی کوپیٹھ میں چھریاں مار کر شدید زخمی کردیا اور انہیں خون میں لت پت چھوڑ کر فرار ہوگئے۔پولیس اہلکار اس وقت پہنچے جب زخمی کو ایوب تدریسی ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا۔ مضروب کے رشتہ داروںنے پولیس کی ناقص کارکردگی پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس ملزمان کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ پولیس نے قاسم خان، خان عالم عرف نومی، یوسف عباسی، افضال شاہ سمیت دیگر نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

9/03/2012

ایبٹ آباد:کشمیری طالبعلم کے قتل میں ملوث این ایچ اے کے افسران اور ڈرائیورکو چھوڑ دیاگیا


ایبٹ آباد: ایبٹ آباد پولیس کی ملی بھگت یا روایتی سستی ،کشمیری طالبعلم کے قتل میں ملوث این ایچ اے کے افسران اور ڈرائیورکو چھوڑ دیاگیا‘ لواحقین نے انصاف نہ ملنے پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اسلام آباد دفتر کے سامنے خود سوزی کا اعلان کردیا۔ صدر‘ وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان‘ وزیراعظم آزادکشمیر ‘ چیف سیکرٹری ناانصافی کا نوٹس لیں۔ والدین کی بذریعہ میڈیا اپیل‘ تفصیلات کے مطابق 10 جولائی کو مظفرآباد سے سیر کو جانیوالے جامہ کشمیر کے ایم اے کے طالبعلم 21 سالہ ہمدان میر کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی ڈبل کیبن پک اپ نمبر B-3018 مانسہرہ نے ککر موڑ جی ٹی روڈ پر 3 گاڑیوں کو غلط اوورٹیک کر کے مخالف لین میں داخل ہو کر انتہائی تیز رفتاری سے انکے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر سوار 21 سالہ طالبعلم ہمدان میر موقع پر جاں بحق جبکہ اسکا ساتھی علی شدید زخمی ہوگیا۔ جو ایک ماہ 20 دن گزرنے کے باوجود تاحال قومہ کی حالت میں ہے۔ 

ایبٹ آباد میرپور تھانہ کی پولیس نے رف ڈرائیونگ کرنیوالے این ایچ اے کے آفیسر خان زادہ آف پشاور کو دیگر ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔ جبکہ ڈرائیور جو کہ گاڑی میں پچھلی سیٹ پر سوار تھا کو بھی حراست میں لیا۔ خان زادہ نشے کی حالت میں گاڑی چلا رہا تھا۔ پولیس نے تینوں ملزمان پر زیر دفعات 337/320 اور 279 پی سی کے تحت مقدمات قائم کر کے حوالات بند اور گاڑی ضبط کرلی تھی۔ پولیس نے جاں بحق طالبعلم کا ایوب میڈیکل کمپلیکس سے پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی جسے مظفرآباد جنازہ کے بعد سپرد خاک کیا گیا۔ پولیس نے بعد ازاں ملزمان جنہوں نے ایف آر میں بھی غلطی تسلیم کی تھی کو عدالت پیش کر کے رہا کروایا۔ ایبٹ آباد کی عدالت نے مقتول پارٹی کو طلب کیا نہ کوئی تاریخ دی گئی جبکہ این ایچ اے حکام نے لواحقین سے اظہار افسوس تک نہ کیا۔ نہ ہی انہیں کسی قسم کا معاوضہ دیا۔ گزشتہ روز ہمدان میر کے والد عبدالرحیم میر نے این ایچ اے حکام کی بے حسی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے میڈیا کی وساطت سے صدر ‘ وزیراعظم‘ چیف جسٹس آف پاکستان ‘ گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ ‘ وزیراعظم ‘ چیف جسٹس سیکرٹری آزادکشمیر کے علاوہ ‘ چیئرمین این ایچ اے پاکستان سے اپیل کی کہ وہ اس واقعہ کے ذمہ دار ڈائریکٹر این ایچ اے خان زادہ اور دیگر ساتھی ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں اور ہمیں انصاف دیا جائے بصورت دیگر لواحقین این ایچ اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے سامنے خود سوزی کرنے کیساتھ آزادکشمیر میں موجود دفاتر کا گھیراؤ بھی کرینگے۔ 

8/28/2012

شیروان پولیس نے کارروائی کے دوران ڈکیت گروہ کے دو اہم سرغنوں کو گرفتار کر لیا

ایبٹ آباد: شیروان پولیس نے ایک کارروائی کے دوران ڈکیت گروہ کے دو اہم سرغنوں کو گرفتار کر لیا، دوران تفتیش مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او جاوید خان نے بمعہ نفری کریک ڈاؤن کر کے اشفاق اور نذیر کو گرفتار کر کے ان سے مال مسروقہ برآمد کر لیا۔ تفتیش کے دوران گرفتار ہونے والوں نے علاقہ میں چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف بھی کیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گروپ کے مزید ارکان کو بھی جلد گرفتار کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔ ڈکیت گروہ کے دو اہم سرغنوں کی گرفتاری کے بعد اہلیان علاقہ نے سکھ کا سانس لیا ہے اور پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

8/23/2012

ایبٹ آبادبانڈہ دلازاک: تین سگے بھائی والدہ سمیت چھریوں کے وار سے زخمی

ایبٹ آباد:بانڈہ دلازاک میں چاندرات کو خودکارہتھیاروں سے فائرنگ۔ منع کرنے پر ملزمان نے چھریوں اورکلہاڑیوں کے وار کرکے تین سگے بھائیوں کو والدہ سمیت زخمی کردیا۔ پولیس ہوائی فائرنگ کو روکنے میں ناکام۔ ملزمان نے کیس کراس کرانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع بانڈہ دلازاک میں ڈاکٹر شیرافضل کے کلینک کے قریب رہائش پذیر ملزمان: شرافت ولد یوسف،عابدولد یوسف ،واجد ولد یونس، ساجد ولد سائیں چاند رات کو کلاشنکوفوں سے اندھا دھند فائرنگ کررہے تھے۔ ان کے اسلحے سے نکلنے والے خول ان کے پڑوسیوں کے گھر میں گرے۔ فائرنگ سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ملزمان کے پڑوسیوں اسد، عامر، احسن پسران گل بہارنے ملزمان کو فائرنگ سے منع کیا۔ جس پر ملزمان نے توں تکرار شروع کردی۔ افطاری کے بعد ملزمان شرافت، عابد، واجد، ساجد نے اسد، عامر، احسن پسران گل بہارکے گھر میں گھس کران پر چھریوں اور کلہاڑیوں سے حملہ کردیا۔ حملے میں ملزمان کے ساتھ ان کے گھر کی خواتین بھی شامل تھیں۔ حملہ آوروں نے فائرنگ سے منع کرنے کا بدلہ لینے کے لئے اسد، عامر، احسن اور ان کی والدہ زوجہ گل بہار کو چھریوں اور کلہاڑیوں کے پے درپے وار کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔ اہل محلہ نے زخمیوں کو ایوب تدریسی ہسپتال پہنچایا جہاں تینوں بھائی اور ان کی والدہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب ملزمان نے کیس کراس کرانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایبٹ آباد پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کیخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرکے اس مکروہ فعل کی حوصلہ شکنی کرے۔ خوشی کے مواقع پر پولیس بے بس نظر آتی ہے۔ اور فائرنگ کرنے والے لوگوں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔ جس کی وجہ سے ہوائی فائرنگ معمول بن چکی ہے۔

8/13/2012

محکمہ پولیس اور حساس اداروں کی طرف ایبٹ آباد کی فول پروف سیکورٹی کے دعوؤں کا پول کھل گیا

ایبٹ آباد:محکمہ پولیس اور حساس اداروں کی طرف ایبٹ آباد کی فول پروف سیکورٹی کے دعوؤں کا پول کھل گیا، شہر کے اہم اورحساس پل کے نیچے منشیات فروشوں اور عادی افراد نے ڈھیرے ڈال رکھے ہیں۔ ایبٹ آباد کے انتہائی مصروف شاہراہ ریشم سے ملحق علاقہ کریم پورہ کے نکاسی آب کے بڑے نالے اور پل کے نیچے منشیات فروشوں نے ڈھیرے ڈال رکھے ہیں، یہاں پر دن کی روشنی میں کھلے عام منشیات فروخت اور استعمال کی جا رہی ہے، نالے کے مناظر کو دیکھ کر یہ محسوس ہی نہیں ہوتا کہ یہ ایبٹ آباد شہر کے انتہائی حساس علاقہ کا کوئی منظر ہے، ایبٹ آباد میں جشن آزادی اور پی ایم اے میں پاکستان پریڈ کے حوالہ سے سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔ ایبٹ آباد پولیس ذرائع کے مطابق چمبہ پل سے لیکر میرپور تک شاہراہ قراقرم پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوان تعینات کئے گئے ہیں، پولیس کے علاوہ سیکورٹی ادارے سرچ آپریشن میں مصروف عمل ہیں۔ پولیس اور سیکورٹی اداروں کو حساس ترین پل اور نکاسی آب کے نالے پر کھیلا جانے والا سرعام کھیل کیوں نظر نہیں آ رہا۔ سیکورٹی نکتہ نظر سے یہ پل اور نالہ کسی بھی وقت کسی بھی بڑے اور خوفناک حادثہ کا سبب بن سکتا ہے۔

8/09/2012

ایبٹ آباد:ایس ایچ او نواں شہر نے ٹمبرسمگلر فرید خان کی لکڑ پکڑلی

ایبٹ آباد: ایس ایچ او تھانہ نواں شہر کی کارروائی۔ بدنام زمانہ ٹمبر سمگلر فرید خان کی جانب سے سمگل کی جانیوالی قیمتی لکڑ سے بھری گاڑی پکڑ لی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ نواں شہر کے ایس ایچ او انسپکٹر ذاکرحسین کو اپنے ذرائع سے اطلاع ملی کہ بدنام زمانہ ٹمبر سمگلر فرید خان بیاڑ کی قیمتی لکڑی سمگل کرنا چاہتا ہے۔ جس پر پولیس نے مختلف مقامات پر ناکہ بندی کی۔ دوتار روڈ پر کارروائی کے دوران پولیس نے ٹیوٹا پک اپ گاڑی نمبر: SIB-43کوپکڑ کر سو فٹ سے زائد بیاڑ کی لکڑی کے نگ برآمد کرلئے۔ پولیس نے گاڑی کے ڈرائیور نصیر شاہ ولد فرید شاہ سکنہ ناڑہ حویلیاں، پرویز ولد حسن دین سکنہ حویلیاں اور نواز ولد فضل احمد سکنہ سیری حویلیاں کو گرفتار کرلیا۔ میڈیا کو بریفنگ کے دوران ایس ایچ او تھانہ نواں شہر انسپکٹر ذاکر حسین نے بتایا کہ یہ لکڑی فرید خان کی ملکیتی ہے۔ اور وہ اسے سمگل کروا رہا تھا۔

8/06/2012

کالاباغ میں نوجوان کا قتل: پولیس نے تین قاتل گرفتارکرلئے

ایبٹ آباد:کالاباغ گرڈ کے پاس نوجوان کاقتل۔ پولیس نے تین مبینہ قاتلوں کو گرفتار کرکے دو پستول برآمد کرلئے۔ تین روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے تفصیلات کے مطابق عدنان ولد ممتاز خان سکنہ سرخ ڈھیری مردان جو کہ تھرڈ ایئر کا طالبعلم ہے۔ اتوار کے روزسیروتفریح کے لئے گلیات آیا ہوا تھا۔ نامعلوم ملزمان نے کالاباغ گرڈ سٹیشن کے قریب اندھا دھند فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق عدنان نے ایک ماہ قبل ایک نوجوان کو قتل کیا تھا اور فرار ہوگیا تھا۔مقتول نوجوان کا نانا سجاد علی ولد زرشاد سکنہ مردان بھی اتفاقاً نتھیاگلی میں تھا کہ اس نے عدنان کو وہاں گھومتے ہوئے دیکھ لیا۔ سجاد علی نے عدنان کا پیچھا کرنا شروع کردیا۔ اور کال کرکے رحیم ولدفضل رحیم سکنہ صوابی اور سرفراز ولد خائستہ خان سکنہ مردان کو بلا لیا۔ اس دوران سجاد علی نے عدنان کا تعاقب جاری رکھا۔ جب بابر رحیم اور سرفراز بھی موقع پر پہنچ گئے تو اس وقت عدنان کالاباغ گرڈسٹیشن کے قریب تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان نے عدنان کے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری اور پھر اس کے منہ میں گولیاں مار کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان غلط راستے سے فرار ہوئے جو آگے جا کر بند تھا۔ پولیس نے تعاقب کرکے تینوں کو گرفتار کرکے دو عدد پستول برآمد کرلئے۔ ملزمان کے مطابق اس سے قبل ان کے پانچ سے زائد افراد قتل کئے جا چکے ہیں۔ اور عدنان نے بھی ان کے آدمی کو قتل کیا تھا جس کا انہوں نے بدلہ لیتے ہوئے عدنان کوقتل کیا۔ ملزمان کو پولیس نے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔تینوں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

ایبٹ آباد:اغواء کاروں کا سرغنہ ارشاد خان عرف مچھڑ جیل پہنچ گیا

ایبٹ آباد: اغواء برائے تاوان کی سنگین وارداتوں میں ملوث خطرناک ملزم ارشاد خان عرف مچھڑ دس روزہ جسمانی ریمانڈ کے خاتمے کے بعد جیل پہنچ گیا تفصیلات کے مطابق حویلیاں لڑی کے رہائشی ارشاد خان عرف مچھڑ ولد بدیع الزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ پشاور میں ادویات کا کام کرنیوالے شکیل خان ولد میروائس کو گاڑی سمیت اغواء کرکے 32 لاکھ روپے تاوان وصول کیا۔ تھانہ حویلیاں نے زیر دفعات 365A, 13AO علت نمبر 789 کے تحت مقدمہ درج کرکے موبائل کو ٹریس کرنے کے بعد ارشاد خان ولد مچھڑ کو گرفتار کرکے تفتیش کی۔اور شکیل خان سے چھینی جانیوالی گاڑی ، پسٹل اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔ حویلیاں پولیس نے ارشاد خان کو دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کرکے دس روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔ دس روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر پیر کے روز ملزم کو عدالت میں دوبارہ پیش کیا گیا۔ عدالت عالیہ نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے۔ اس ضمن میں پولیس نے بتایا کہ ملزم ارشاد خان کے تین ساتھی تاحال مفرور ہیں۔ جن کو بہت جلد تلاش کرلیا جائیگا۔

8/02/2012

حویلیاں کے گاؤں کالو میرا میں نوجوان کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا

مقتول کی عیدالفطر کے بعد شادی طے تھی۔ تفصیلات کے مطابق گل داد ولد داؤد خان نے تھانہ حویلیاں میں اپنے بیٹے کے قتل کی رپورٹ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ وہ گذشتہ رات نماز تراویح پڑھنے گھر سے مسجد گیا، بعد ازاں ان کے بیٹے کو کسی نے فون پر بلوایا جس پر اس کا بیٹا گھر بتائے بغیر ہی نکل گیا اور صبح تک واپس نہیں آیا۔ مقتول کے والد کا کہنا تھا کہ وہ دوسرے روز ایک نمازہ میں شریک تھے کہ انہیں وہاں اطلاع ملی کہ آپ کے بیٹے کی نعش جھنگری میں پڑی ہے، جب ہم وہاں پہنچے تو دیکھا کہ ان کے بیٹے کے گلہ پر تیز دھار آلے کے نشانات تھے جس سے واضح ہوا کہ اس کا گلہ کاٹ کر اسے ہلاک کیا گیا ہے جبکہ جسم پر گولیوں کے نشانات بھی موجود تھے۔ پولیس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دیا۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مرحوم کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ مقتول کے والد کے مطابق اس کی کسی کے ساتھ کوئی عداوت یا دشمنی نہیں تھی۔ پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔