8/23/2012

ایبٹ آبادبانڈہ دلازاک: تین سگے بھائی والدہ سمیت چھریوں کے وار سے زخمی

ایبٹ آباد:بانڈہ دلازاک میں چاندرات کو خودکارہتھیاروں سے فائرنگ۔ منع کرنے پر ملزمان نے چھریوں اورکلہاڑیوں کے وار کرکے تین سگے بھائیوں کو والدہ سمیت زخمی کردیا۔ پولیس ہوائی فائرنگ کو روکنے میں ناکام۔ ملزمان نے کیس کراس کرانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کی حدود میں واقع بانڈہ دلازاک میں ڈاکٹر شیرافضل کے کلینک کے قریب رہائش پذیر ملزمان: شرافت ولد یوسف،عابدولد یوسف ،واجد ولد یونس، ساجد ولد سائیں چاند رات کو کلاشنکوفوں سے اندھا دھند فائرنگ کررہے تھے۔ ان کے اسلحے سے نکلنے والے خول ان کے پڑوسیوں کے گھر میں گرے۔ فائرنگ سے پورے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ ملزمان کے پڑوسیوں اسد، عامر، احسن پسران گل بہارنے ملزمان کو فائرنگ سے منع کیا۔ جس پر ملزمان نے توں تکرار شروع کردی۔ افطاری کے بعد ملزمان شرافت، عابد، واجد، ساجد نے اسد، عامر، احسن پسران گل بہارکے گھر میں گھس کران پر چھریوں اور کلہاڑیوں سے حملہ کردیا۔ حملے میں ملزمان کے ساتھ ان کے گھر کی خواتین بھی شامل تھیں۔ حملہ آوروں نے فائرنگ سے منع کرنے کا بدلہ لینے کے لئے اسد، عامر، احسن اور ان کی والدہ زوجہ گل بہار کو چھریوں اور کلہاڑیوں کے پے درپے وار کرکے شدید زخمی کردیا اور فرار ہو گئے۔ اہل محلہ نے زخمیوں کو ایوب تدریسی ہسپتال پہنچایا جہاں تینوں بھائی اور ان کی والدہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب ملزمان نے کیس کراس کرانے کے لئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ایبٹ آباد پولیس ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزمان کیخلاف بلاتفریق سخت کارروائی کرکے اس مکروہ فعل کی حوصلہ شکنی کرے۔ خوشی کے مواقع پر پولیس بے بس نظر آتی ہے۔ اور فائرنگ کرنے والے لوگوں کیخلاف کوئی ایکشن نہیں لیا جاتا۔ جس کی وجہ سے ہوائی فائرنگ معمول بن چکی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں