8/06/2012

کالاباغ میں نوجوان کا قتل: پولیس نے تین قاتل گرفتارکرلئے

ایبٹ آباد:کالاباغ گرڈ کے پاس نوجوان کاقتل۔ پولیس نے تین مبینہ قاتلوں کو گرفتار کرکے دو پستول برآمد کرلئے۔ تین روز جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے تفصیلات کے مطابق عدنان ولد ممتاز خان سکنہ سرخ ڈھیری مردان جو کہ تھرڈ ایئر کا طالبعلم ہے۔ اتوار کے روزسیروتفریح کے لئے گلیات آیا ہوا تھا۔ نامعلوم ملزمان نے کالاباغ گرڈ سٹیشن کے قریب اندھا دھند فائرنگ کرکے اسے قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ اس ضمن میں پولیس ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق عدنان نے ایک ماہ قبل ایک نوجوان کو قتل کیا تھا اور فرار ہوگیا تھا۔مقتول نوجوان کا نانا سجاد علی ولد زرشاد سکنہ مردان بھی اتفاقاً نتھیاگلی میں تھا کہ اس نے عدنان کو وہاں گھومتے ہوئے دیکھ لیا۔ سجاد علی نے عدنان کا پیچھا کرنا شروع کردیا۔ اور کال کرکے رحیم ولدفضل رحیم سکنہ صوابی اور سرفراز ولد خائستہ خان سکنہ مردان کو بلا لیا۔ اس دوران سجاد علی نے عدنان کا تعاقب جاری رکھا۔ جب بابر رحیم اور سرفراز بھی موقع پر پہنچ گئے تو اس وقت عدنان کالاباغ گرڈسٹیشن کے قریب تھا۔ پولیس ذرائع کے مطابق تینوں ملزمان نے عدنان کے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری اور پھر اس کے منہ میں گولیاں مار کر فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان غلط راستے سے فرار ہوئے جو آگے جا کر بند تھا۔ پولیس نے تعاقب کرکے تینوں کو گرفتار کرکے دو عدد پستول برآمد کرلئے۔ ملزمان کے مطابق اس سے قبل ان کے پانچ سے زائد افراد قتل کئے جا چکے ہیں۔ اور عدنان نے بھی ان کے آدمی کو قتل کیا تھا جس کا انہوں نے بدلہ لیتے ہوئے عدنان کوقتل کیا۔ ملزمان کو پولیس نے علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا۔تینوں ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں