12/14/2012

ہزارہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت حاجی زرخان جدون اپنے جنبے برادری سمیت تحریک صوبہ ہزارہ میں شامل ہوگئے

ایبٹ آباد: ہزارہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت حاجی زرخان جدون اپنے جنبے برادری سمیت تحریک صوبہ ہزارہ میں شامل ہوگئے۔ زرخان جدون کے صاحبزادے اعجاز زرخان جدون نے پی کے 47 سے الیکشن لڑنے کااعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ہزارہ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت حاجی زر خان جدون کے حجرے پر ایک بہت بڑا جلسہ عام منعقد ہوا۔ جس میں حویلیاں اور پورے ضلع ایبٹ آباد سے اہم لوگوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی قائد تحریک صوبہ ہزارہ بابا حیدر زمان تھے۔ جبکہ تحریک صوبہ ہزارہ کے جنرل سیکرٹری فدا حسین اور دیگر عہدیدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جلسہ کے دوران حاجی زر خان جدون نے اپنے جنبے برادری سمیت تحریک صوبہ ہزارہ میں شمولیت کااعلان کیا۔ حاجی زرخان جدون، ان کے صاحبزادوں اسلم زرخان اور اعجاز زرخان نے بھی تحریک صوبہ ہزارہ کے لئے ہر قسم کی جانی و مالی قربانی دینے کا اعلان کیا۔ تقریب سے سردار پرویز، سردار سعید، بابا جاوید، میجر جمیل کیانی، سردار فدا حسین، ملک عبدالجبار اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں