7/20/2012

گلیات کے گاؤں جندر باڑی نکرہ میں 500 سال پرانی زیارت میں چھپائے گئے قیمتی نوادرات کی چوری


ایبٹ آباد: گلیات کے گاؤں جندر باڑی نکرہ میں 500 سال پرانی زیارت میں چھپائے گئے قیمتی نوادرات کی چوری کا انکشاف ہوا ہے۔ زیار ت کی کھدائی کرنے والی ٹیم کی جیپ آسمانی بجلی گرنے سے خاکستر ہو گئی، اہلیان علاقہ نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آثارقدیمہ کے حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گلیات کی یونین کونسل پھلکوٹ کے گاؤں جندر باڑی نکرہ میں پانچ سو سالہ پرانی زیارت کو چند دنوں قبل کھودا گیا جہاں سے تین سو سالہ پرانے برتن اور سکے برآمد ہوئے تھے۔ گذشتہ روز زیارت کے اراضی مالکان نے زیارت کی دوبارہ کھدائی شروع کی۔ مقامی افراد کے مطابق کھدائی کرنے والے افراد کو قیمتی نوادرات ملے ہیں۔

اس موقع پر زیارت کھودنے والے افراد کی گاڑی آسمانی بجلی گرنے سے مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ علاقہ کے بزرگوں نے صحافیوں کو بتایا کہ زیارت کی کھدائی کرنے والوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے، متعدد افراد نوادرات حاصل کرنے کی لالچ میں اپنا مالی نقصان کر چکے ہیں۔ جندر باڑی کے مقامی افراد نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آثار قدیمہ کے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ اراضی اپنی تحویل میں لیں تاکہ زیارت کے نیچے موجود قیمتی نوادرات کی حفاظت کی جا سکے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں