7/21/2012

ٹریفک پولیس نے ایبٹ آباد سے منی اڈوں کے خاتمہ کیلئے پلان ترتیب دیدیا

ایبٹ آباد:ٹریفک پولیس نے ایبٹ آباد سے منی اڈوں کے خاتمہ کیلئے پلان ترتیب دیدیا۔ ایس پی ٹریفک نے ایبٹ آباد کے تمام سوزوکی ڈرائیوروں کو سوزوکی یونین کے دفتر میں (کل) سوموار کو طلب کر لیا۔ ایس پی ٹریفک غلام مصطفی اور اے سی او ایبٹ آباد اسامہ خان نے یہاں صحافیوں کو بتایا کہ ایبٹ آباد میں بڑھتی ہوئی ٹریفک کو کنڑول کرنے کیلئے پلان ترتیب دیدیا گیا ہے، اس سلسلہ میں پہلے مرحلہ میں شہر سے سوزوکیوں کے منی اڈے ختم کئے جائیں گے اور شہر سے تمام روٹس پر چلنے والی سوزوکی گاڑیوں پر باقاعدہ سٹکر چسپاں کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام سوزوکی ڈرائیوروں کو 23 جولائی بروز سوموار سوزوکی یونین کے دفتر میں طلب کیا گیا ہے جہاں ہر گاڑی پر مخصوص روٹ کا سٹکر چسپاں کیا جائے گا۔ انہوں نے سوزوکی ڈرائیوروں کو ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ بعد سٹکر کے بغیر چلنے والی سوزوکی کے ڈرائیور پر بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ ایس پی ٹریفک نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر سے منی اڈے ختم کرنے کیلئے بہت جلد آپریشن کیا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں