ہری پور: سرائے صالح کی ماچس فیکٹری میں جل کر شدید زخمی ہونے والا نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، فیکٹری کے ورکروں نے مالکان سے غریب خاندان کی فوری مالی مدد کی اپیل کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سرائے صالح میں واقع سید ماچس فیکٹری میں چند روز قبل مرتضیٰ نامی شخص کام کے دوران جل کر شدید زخمی ہو گیا تھا، محنت کش کو فوری طور پر ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا تاہم وہ کئی روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد انتقال کر گیا۔ اہلیان علاقہ کے مطابق متوفی محلہ ریلوے پل سرائے صالح کا رہائشی تھا، اس کا خاندان انتہائی غربت کی زندگی بسر کر رہا تھا۔ اہلیان علاقہ نے فیکٹری مالکان سے متوفی کیلئے فوری مالی امداد کے اعلان کا مطالبہ کیا ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں