8/30/2012

کوہستان میں امیدواروں کا ڈی پی او کے تبادلہ کے خلاف دوسرے روز بھی احتجاج جاری

کوہستان: ضلع کوہستان میں محکمہ پولیس میں بھرتی کیلئے آنے والے امیدواروں نے ڈی پی او کوہستان کے تبادلہ کے خلاف دوسرے روز بھی شاہراہ ریشم پر دھرنا دیکر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی ہے، مظاہرین ڈی پی او کوہستان عبدالمجید آفریدی کا تبادلہ فوری طور پر منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ دو روز قبل ضلع کوہستان میں محکمہ پولیس میں بھرتی کیلئے ٹیسٹ و انٹرویو کے دوران ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کی سفارش ماننے سے انکار کرنے کی پاداش میں ڈی پی او کوہستان عبدالمجید آفریدی کا تبادلہ اور بھرتیاں منسوخ کروا دی گئی تھیں جس پر بھرتی کیلئے آنے والے امیدواروں نے سیاسی مداخلت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ ریشم ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دی تھی۔ جمعرات کی صبح امیدواروں نے دوبارہ شاہراہ ریشم پر دھرنا دیکر سڑک کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا ہے۔ مظاہرین مسلسل ڈی پی او کا تبادلہ منسوخ کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم آخری اطلاعات آنے تک مظاہرین سے مذاکرات کیلئے کسی انتظامی آفیسر نے رابطہ نہیں کیا اور شاہراہ ریشم ٹریفک کیلئے بند ہے۔

محکمہ پولیس میں ہونے والی بھرتیاں شیڈول کے مطابق اسی منتخب کمیٹی کے ذریعہ کروائی جائیں۔ عبدالستار خان
کوہستان: کوہستان سے مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالستار خان نے کہا ہے کہ محکمہ پولیس کوہستان میں ہونے والی بھرتیاں شیڈول کے مطابق اسی کمیٹی کے ذریعہ کروائی جائیں، ڈی پی او کوہستان کا تبادلہ فی الفور منسوخ کیا جائے، مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں کوہستانی عوام کسی بھی راست اقدام سے دریغ نہیں کریں گے۔ جمعرات کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ کوہستان کے عوام ڈی پی او عبدالمجید آفریدی کا تبادلہ ہر گز قبول نہیں کریں گے، بھرتیاں منسوخ کروا کر کوہستانی عوام کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا ہے۔ عبدالستار خان نے کہا کہ صوبائی حکومت ڈی پی او کا تبادلہ فی الفور منسوخ کر کے بھرتیاں شیڈول کے مطابق اس کمیٹی کے ذریعہ کروائے ورنہ امن وامان کی خرابی کی ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہو گی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں