9/13/2012

عدالت نے بے نظیر شہید ہسپتال ایبٹ آباد کے میڈیکل آفیسر کو زدوکوب کرنے والے تمام ملزمان کو ضمانت پر رہا کر دیا

ایبٹ آباد: بے نظیر شہید ہسپتال ایبٹ آباد کے میڈیکل آفیسر کو زدوکوب کرنے والے تمام ملزمان عدالت نے ضمانت پر رہا کر دیئے۔ دو روز قبل بے نظیر شہید ہسپتال ایبٹ آباد کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ارشد علی شاہ پر ہزارہ قومی محاذ کے کارکنوں نے حملہ کر کے انہیں زدوکوب کیا جس پر ایبٹ آباد کی کینٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 9 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف زیر دفعات427، 149، 147، 189، 186، 353 اور 337 مقدمات درج کئے تھے۔ ملزمان کی طرف سے قاضی اظہر ایڈووکیٹ نے مقدمہ کی پیروی کی۔ گرفتار ملزمان کا تعلق ہزارہ قومی محاذ سے بتایا جاتا ہے۔ جمعرات کو جوڈیشل مجسٹریٹII کی عدالت نے مقدمہ کی سماعت کے دوران گرفتار ہونے والے ملزمان سردار محمد یاسر ولد جہانداد خان، محمد عاصم ہزاروی ولد گلزار، سجاد ہزاروی ولد زرداد ہزاروی، شوکت ولد علی افسر، ثاقب ولد محمد صدیق، محمد صفدر ولد عبدالوہاب، محمد شعیب ولد لعل خان، ذیشان ولد ریحان اور مہتاب ولد ممتازکی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔ ملزمان کی طرف سے ہزارہ قومی محاذ کے مرکزی رہنما قاضی اظہر ایڈووکیٹ نے مقدمہ کی پیروی کی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں