9/12/2012

تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے چترال روانہ ہو گئے

مانسہرہ: تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے چترال روانہ ہو گئے، وہ چترال میں تین روز تک قیام کریں گے۔ اعظم سواتی نے قبل ازیں وادی سرن کے دورہ کے دوران یونین کونسل سم میں مختلف افراد سے ملاقاتیں کیں جبکہ نور میدان تمری میں بڑے جلسہ عام سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر سینکڑوں افراد نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ رات کو جبوڑی میں قیام کے بعد اعظم سواتی نے دوسرے روز بانڈہ کیسج کے مقام پر ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کیا، ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کے کارکنان و معززین علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ بانڈہ کیسج کے عوام نے اعظم سواتی کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنی سابق روایات کو مزید پروان چڑھاتے ہوئے اپنی عزت اور غیرت کیلئے کسی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔ بعد ازاں بوز بیلہ میں اعظم سواتی نے کارنر میٹنگ سے خطاب کیا اور کہا کہ ضلع مانسہرہ پر قابض ٹولے نے ضلع کے عوام کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے جس پر جتنا بھی افسوس کیا جائے کم ہے۔ جگل اور بانڈہ خواجگان میں میٹنگ کے دوران اعظم سواتی کو مکمل تعاون اور حمایت کا یقین دلوایا گیا۔ شفاعت علی خان کی رہائش گاہ پر رات کو اعظم سواتی نے جبوڑی کے مکینوں سے بھی خطاب کیا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں