9/27/2012

گلیات میں رہائشی عمارات کے کمرشل استعمال کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے۔ بشیر بلور کی حکام کو ہدایت

پشاور: خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر بشیر احمد بلور نے گلیات میں رہائشی عمارات کے کمرشل استعمال سے متعلق عوامی شکایات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے جی ڈی اے حکام کو ہدایت کی ہے کہ اس رجحان کی سختی سے حوصلہ شکنی کی جائے جس کا عدلیہ نے بھی نوٹس لیتے ہوئے رہائشی املاک کو تجارتی عمارات میں بدلنے کی ممانعت کی ہے اس سلسلے میں انہوں نے واضح طور پر اعلان کیا کہ 2008ء میں موجودہ حکومت کے آغاز سے لیکر آج تک جو بھی رہائشی عمارات کمرشل بنا نے کی اجازت دی گئی ہے ان تمام کے اجازت نامے منسوخ کئے جائیں جبکہ حکم کی خلاف ورزی کے مرتکب عمارات اور املاک کو فوری طور پر سیل کیا جائے اور رہائشی استعمال کی مکمل قانونی گارنٹی لینے تک انہیں نہ کھولا جائے اسی طرح انہوں نے گلیات میں تمام موجودہ اور آئندہ تعمیر ہونے والی کمرشل عمارات کو پارکنگ اور فائر فائٹنگ آلات سے لیس کرنے کا پابند بنانے کی ہدایت بھی کی ہے جس پر پہلے ہی سے پورے صوبے بالخصوص بڑے شہروں میں سختی عمل درآمد کی ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی صورتحال اور حادثات سے نمٹنے میں آسانی ہو درایں اثناء بشیر بلور نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ گلیات کو سیاحت کیلئے زیادہ سے زیادہ پر کشش بنایا جائے اور اس مقصد کیلئے ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جائیں انہوں اپنا یہ عزم دہرایا کہ موجودہ حکومت دہشت گردی سے متاثرہ اس صوبے میں سیاحت کی ترقی کیلئے موثر کاروائی جاری رکھے گی جس میں گلیات اور سوات جیسے پرفضا مقامات کو سیاحوں کیلئے زیادہ پرآسائش بنانا شامل ہے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں گلیات میں سیاحت اور اس حوالے سے گلیات ترقیاتی ادارہ کی کارکردگی سے متعلق اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں دوسروں کے علاوہ سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی اورنگزیب خان، ڈائریکٹر جنرل بلدیات حاجی عبدالجلیل، ڈی جی اور ڈائریکٹر گلیات ترقیاتی ادارہ نے شرکت کی اور سینئر وزیر کو ادارے کی کارکردگی اور سیاحت کے فروغ بالخصوص گلیات میں سفر و سیاحت کیلئے سہولیات میں اضافے سے متعلق منصوبہ بندی اور اقدامات سے اگاہ کیا اجلاس میں گلیات میں تجاوزات کے خاتمے اور مسافروں کے کھانے پینے کی سہولیات کا جائزہ بھی لیا گیا اسی طرح گلیات میں تعمیراتی و ماحولیاتی قواعد کی پابندی یقینی بنانے کیلئے بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی فعالیت اور اس مقصد کیلئے درکار نئی اسامیوں کی منظوری بھی دی گئی بشیر بلور نے گلیات بالخصوص نتھیاگلی کے بازاروں میں تجاوزات ہٹانے کے کام کو زیادہ موثر بنانے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ اس بارے میں کوتاہی کے مرتکب افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت ترین انضباطی کاروائی کی جائے گی اسلئے وہ اپنی ڈیوٹی بلا رو رعایت انجام دیں انہوں نے اعتراف کیا کہ گزشتہ چندسال صوبے کے عوام پر بہت بھاری گزرے اور دہشت گردی کے مسلسل واقعات کی وجہ سے عوام گھروں تک محصور ہو کر رہ گئے تھے جسکی وجہ سے بیشتر سیاحتی مقامات ویران ہونے لگے تھے تاہم حکومت نے قوم کی بھرپور حمایت سے کامیابی کے ساتھ دہشت کا نیٹ ورک توڑ دیا ہے اور اب امن اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہونے کو ہے انہوں نے کہا کہ مشکل کے لمحات میں دیگر شعبوں کے علاوہ میڈیا اور صحافیوں نے بھی اپنا تاریخی کردار ادا کیا اور دہشت گردوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کرنے کے علاوہ ان کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لیے بھر پور جدوجہد کی جس کی بدولت صوبائی حکومت نے سوات سمیت تمام سیاحتی مقامات کھولے سینئر وزیر نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ہمارے وسائل محدود ہیں اور مسائل زیادہ ہیں تاہم حکومت لوگوں کی مشکلات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی، آئی ڈی پیز اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے باوجود عوام کی تفریح کیلئے ٹھوس اقدامات کئے گئے جبکہ حکومت کی ترقیاتی سکیمیں بھی ہماری انہی کوششوں کا حصہ ہیں عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے بھی مخلصانہ اقدامات کئے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی ہے تاہم اللہ کے فضل سے ہم اپنے انتخابی وعدوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ قومی اور ترقیاتی اہداف کے حصول کی جانب کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں میڈیا، فوج، پولیس اور عام لوگوں نے بڑی قربانیاں دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں