ایبٹ آباد:جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ دنیا کے 58 ممالک او آئی سی کا اجلاس بلا کر امریکہ کے خلاف جہاد کا اعلان کریں، حکومت امریکی سفارت کار کو فوری ملک سے نکال کر امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرے، وہ لیبیا، مصر، سوڈان، خرطوم اور یمن کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ناپاک اسرائیلی اور امریکی جسارت کے خلاف اپنے ممالک میں بھرپور احتجاجی مظاہرے کئے۔ وہ ہفتہ کو یہاں سپلائی میں جماعت اسلامی میں شامل ہونے والی معروف سیاسی شخصیت صابرخان جدون کی دعوت پر جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد کے امیر سعید عباسی، نائب ضلعی امیر محبوب الہیٰ اور سردار سرور نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ نبی آخرالزمان حضرت محمدؐ کی شان میں گستاخی کا مرتکب امریکہ امت مسلمہ سے معافی مانگے، نبیؐ کی حرمت پر مر مٹنے کا وقت آ چکا ہے، پاکستانی عوام نے بھرپور احتجاج کر کے عاشقان رسولؐ ہونے کا ثبوت دیا مگر احتجاج اس اہم معاملہ کا حل نہیں، حکومت کو امریکہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنا ہوں گے۔ بعد ازاں جلسہ کے اختتام پر سراج الحق کی قیادت میں سپلائی کے عوام نے شاہراہ ریشم بلاک کی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں