ایبٹ آباد:پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء سجاد اکبر خان نے کہا ہے کہ حلقہ پی کے چھیالیس کے عوام آج کے جدید دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ اور انشاء اللہ پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کے روز ٹھنڈا میرا میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء آصف زبیر شیخ، ڈاکٹر اظہر جدون، زرگل خان جدون اور دیگر بھی موجود تھے۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سجاد اکبر خان نے کہا کہموجودہ اور سابقہ ناظمین، اراکین اسمبلی نے اس پورے علاقے کو پسماندہ رکھا۔ یہاں آج بھی بچے میلوں دور پیدل چل کر تعلیم حاصل کرنے کے لئے جاتے ہیں۔ خواتین میلوں دور سے سروں پر گھڑے اٹھا کر پانی لانے پر مجبور ہیں۔ اس حلقے کے نوجوانوں کو روزگارکی فراہمی کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ سرکاری محکموں میں اس حلقے کے لوگوں کو بہت کم نمائندگی ملی ہے۔ حلقہ پی کے چھیالیس میں سکولوں کی بہت کمی ہے۔ خصوصاً یہاں ٹیکنیکل کالجز کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔ ٹیکنیکل تعلیم کے بغیر یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع ملنا مشکل ہیں۔ میری خواہش ہے کہ ٹھنڈا میرا کے پورے علاقے کو خوشحال کردوں۔سجاد اکبرخان نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ حلقہ پی کے چھیالیس میں کم از کم پانچ ٹیکنیکل کالجز ہوں۔ جہاں اس حلقے کے نوجوان فنی تعلیم حاصل کرکے باعزت طریقے سے زندگی گزار سکیں۔ اس کے علاوہ اس حلقے میں سکولوں کی کمی کو پورا کیا جائے۔ تاکہ زیادہ سے زیادہ بچے تعلیم حاصل کریں اور شرح خواندگی میں اضافہ ہو۔ تعلیم کے بغیر اس حلقے کے لوگوں کا معیار زندگی کبھی بلند نہیں ہوسکتا۔ موجودہ اور سابقہ اراکین اسمبلی نے ان چھوٹی چھوٹی باتوں پر کوئی توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حلقہ کے عوام نے مجھے خدمت کا موقع دیا تو انشاء اللہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میری اولین ترجیح ہوگی۔ جبکہ تعلیم کے فروغ اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے ایسے اقدامات کرونگا کہ یہ حلقہ پورے پاکستان کے لئے مثالی بن جائے گا۔ سجاد اکبر خان نے بتایا کہ حلقہ پی کے چھیالیس کے درجنوں دیہات ایسے ہیں جہاں کئی کئی گھنٹے پیدل چل کر پہنچنا پڑتا ہے۔ الحمد اللہ میں نے عوامی رابطہ مہم کے دوران حلقے کے تمام دیہاتوں کا دورہ کیا۔ اور ان علاقوں میں جلسے منعقد کرکے عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کا پیغام گھر گھر پہنچایا ہے۔ اور انشاء اللہ مجھے امید ہے کہ آئندہ انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف پورے پاکستان کی طرح حلقہ پی کے چھیالیس میں بھی کلین سویپ کرے گی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں