9/27/2012

محکمہ تعلیم میں کلاس فور کی بھرتیوں کی منسوخی۔ متاثرہ امیدواروں نے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی

ایبٹ آباد: محکمہ تعلیم میں کلاس فور کی بھرتیوں کی منسوخی۔ متاثرہ امیدواروں نے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق ای ڈی او ایجوکیشن ریاض سواتی کی جانب سے اراکین صوبائی اسمبلی کی مرضی کیخلاف میرٹ پر بھرتیاں کرنے پر اراکین اسمبلی نے اس مسئلے کو ذاتی اناء کا مسئلہ بنا لیا ہے۔ اراکین اسمبلی کی جانب سے صوبائی اسمبلی میں واویلا اور ای ڈی او کے متعدد مرتبہ تبادلہ کروانے اور پھر عدالت عالیہ کی جانب سے ان احکامات کی منسوخی نے اراکین اسمبلی کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ چند روز قبل ای ڈی او ایجوکیشن کی جانب سے سو فیصد میرٹ پر بھرتی ہونیوالے 74 کلاس فور ملازمین کی بھرتیوں کو ڈی سی او ایبٹ آباد نے سیاسی دباؤ پر منسوخ کرتے ہوئے ای ڈی او ایجوکیشن ریاض سواتی کو جبری رخصت پر بھیج دیا ہے۔ جس کے بعد ارباب ظفر نے قائمقام ای ڈی او کا چارج سنبھال لیا ہے۔ اراکین اسمبلی کے آدمیوں کی بھرتی کے لئے راہ ہموار کی جارہی ہے۔ جس پر متاثرہ74 امیدواروں نے سابق ڈپٹی ایڈوکیٹ جنرل کے پیکے، و سابق صدر ہائیکورٹ بار ایبٹ آباد ملک منظور حسین ایڈوکیٹ کی وساطت سے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کردی ہے۔ جسے عدالت عالیہ نے ابتدائی سماعت کے بعد منظور کرلیا ہے۔ ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کرنے کے موقع پر تمام متاثرہ لوگ موجود تھے۔ صحافیوں سے بات چیت کے دوران متاثرہ نوجوانوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی یہ مت بھولیں کہ وہ ہمارے ووٹوں سے منتخب ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی لاٹھی بے آواز ہے۔ الیکشن بھی قریب ہیں۔ اگر موجودہ اراکین اسمبلی نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو آئندہ یہ لوگ اپنے گھروں میں بیٹھ کر سیاست کریں گے۔ ہم ان لوگوں کو اسمبلیوں میں ووٹ دے کر کسی صورت نہیں بھیجیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں