12/14/2012

آئندہ الیکشن میں صوبہ ہزارہ کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے لوگ ہی صوبہ ہزارہ بنائیں گے:باباحیدرزمان

ایبٹ آباد: قائد تحریک صوبہ ہزارہ باباحیدر زمان نے کہا ہے کہ آئندہ الیکشن میں صوبہ ہزارہ کے پلیٹ فارم سے منتخب ہونے والے لوگ ہی صوبہ ہزارہ بنائیں گے۔ کوئی بھی سیاسی پارٹیاں لوگوں کو ورغلاء کر صوبہ ہزارہ کے نعرے لگا رہی ہیں۔ عوام ایسے لوگوں سے ہوشیار رہیں اور آئندہ الیکشن میں صوبہ ہزارہ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز حویلیاں میں حاجی زرخان کی تحریک صوبہ ہزارہ میں شمولیت کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا۔ بابا حیدر زمان نے کہا کہ ہم مخلوق کے لئے صوبہ ہزارہ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ کوئی جرم نہیں کررہے۔نہ ہم ملک کوتوڑتے ہیں۔ آئین کے اندر رہتے ہوئے ہم صوبہ ہزارہ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ اس مطالبے پر ہمارے سات جوانوں کو شہید کردیا گیا۔ تین آج بھی معذوری کی زندگی گزار رہے ہیں جبکہ اڑھائی سو زخمی ہوئے۔ لوگ کہتے تھے یہ سب ختم ہو گئے ہیں۔جسے اللہ تعالیٰ ختم نہ کرے اسے کوئی ختم نہیں کرسکتا۔ اور وہ لوگ جو ہم سے الگ ہو کر گئے ہیں۔ میری چھٹی حس یہ کہتی ہے کہ سچ میں مقناطیسی قوت ہوتی ہے۔ اور یہ سچائی ایک نہ ایک دن ان کو واپس لے کر آئی گی۔ کوئی لاڑکانہ، کوئی رائے ونڈ اور کوئی اسلام آباد کے طواف کررہا ہے۔ ہم اپنی مٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہماری مدد فرمائیں گے۔ انشاء اللہ ہمیں کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ بابا حیدر زمان نے کہا کہ جن لوگوں کو پارٹیوں کی بجائے اپنی مٹی عزیز ہے وہ آج ہمارے ساتھ ہیں۔ جن کو پارٹیاں عزیز ہیں وہ جا چکے ہیں۔ ایم کیو ایم نے قومی اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کی قرار داد پیش کرکے ہمارے اوپر بہت بڑا احسان کیا ہے۔جبکہ یہ کام ہزارہ کے ان سات اراکین اسمبلی کا تھا جو ایم کیو ایم نے کیا۔ پارلیمنٹ میں 47آدمی ق لیگ کے ہیں جبکہ نو لیگ کے 93آدمی ہیں۔کچھ لوگ پیپلز پارٹی کے بھی ہیں۔ جبکہ ان تمام اراکین قومی اسمبلی میں صوبہ ہزارہ کے لئے ایک لفظ بھی نہیں بولا۔ یہ تمام لوگ مفاد پرست ہیں۔ان لوگوں نے ہمارے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ایم کیو ایم نے ہزارہ کے مظلوم لوگوں کی آواز قومی اسمبلی میں اٹھائی ہے۔ بابا حیدر زمان نے کہا کہ ہزارہ کے لوگوں اپنے اندر طاقت پیدا کرو۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ حق پر ہیں تو اللہ تعالیٰ آپ کی مدد کریگا۔ ہم کسی پارٹی کو برا بھلا نہیں کہتے۔ ہوسکتا ہے کہ جو لوگ ہمیں چھوڑ کر گئے ہیں وہ کل واپس آجائیں۔ صبح کا بھولا شام کو واپس بھی آسکتا ہے۔ ہوسکتا ہے اللہ تعالیٰ ان اراکین اسمبلی کو ہدایت دے دے۔اور یہ تمام لوگ تحریک صوبہ ہزارہ کے پلیٹ فارم پر جمع ہوجائیں۔ تمام لوگ ہمارے بھائی ہیں۔ ان کا بھی فرض بنتا ہے کہ اپنی مٹی کی حفاظت کریں ۔ ہم دنیا میں جہاں کہیں بھی چلے جائیں ہم کو اسی مٹی میں دفن ہونا ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں